40

ٹی ٹوینٹی رینکنگ جاری: بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر، محمد رضوان کی تنزلی – ایکسپریس اردو

 دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوینٹی کی نئی رینکنگ جاری کردی، جس میں بابر اعظم کا راج بدستور برقرار ہے تاہم درجہ بندی میں محمد رضوان کی تنزلی ہوئی ہے۔

آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں  پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 818 پوائنٹس کے ساتھ  بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ محمد رضوان 794 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آنے والے کھلاڑی سوریا کمار یادیو ہے جن کا تعلق بھارت سے ہے اور یہ صرف دو پوائنٹس 816 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس کے علاوہ محمد رضوان 794 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

Icc-ranking

واضح رہے کہ سوریا کمار نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوینٹی سیریز کے ایک میچ میں سنچری اسکور کی تھی جبکہ انڈیا کی ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی سیریز جاری ہے۔

کرکٹ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگر سوریا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچز میں ایک سنچری بھی اسکور کر لی تو وہ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آجائیں گے۔

بولرز رینکنگ

آئی سی سی کی جانب سے جاری ٹی ٹوینٹی بولرز رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہازلووڈ 792 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقا کے تبریزی شمس دوسرے، افغانستان کے راشد خان تیسرے، انگلینڈ کے عادل رشید چوتھے اور آسٹریلیا کے ہی ایڈم زمپا پانچویں نمبر پر ہیں۔

رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی کا 12واں، شاداب خان کا 15واں، حارث رؤف تیسویں، عماد وسیم 49ویں، محمد نواز 61ویں، محمد وسیم 69ویں اور فہیم اشرف 98ویں نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈر رینکنگ

آئی سی سی کی جانب سے جاری ٹی ٹوینٹی آل راؤنڈر رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی 267 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، بنگلا دیش کے شکیب الحسن دوسرے اور انگلینڈ کے معین علی تیسرے نمبر پر رہے۔ حیران کن طور پر ٹاپ ٹوینٹی میں کوئی پاکستانی آل راؤنڈر جگہ نہ بنا سکا۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں