18

ول اسمتھ نے کرس راک سے معافی مانگ لی، ویڈیو وائرل – ایکسپریس اردو

کرس راک نے جاڈا اسمتھ کے بالوں کی کٹنگ کا مزاق اُڑایا تھا(فائل فوٹو)

نیویارک: ہالی ووڈ اداکار ول اسمتھ نے کامیڈین  کِرس راک کو آسکر ایوارڈ کی تقریب کے دوران تھپڑ مارنے کے واقعے پر معافی مانگ لی۔

ول اسمتھ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو  شیئر کرتے ہوئےآسکر تقریب میں اکیڈمی ایوارڈز کے میزبان کرس راک کو تھپڑ مارنے پر ان سے اور ان کے اہلِ خانہ سے معافی مانگ لی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ول اسمتھ نے کہا کہ ’میں تم سے معافی چاہتا ہوں، میرا رویہ ناقابل قبول تھا اور میں اس وقت حاضر ہوں جب آپ بات کرنے کے لیے تیار ہوں‘۔

ویڈیو میں اسمتھ نے بتایا کہ اُن کا پیغام کرس راک تک پہنچ گیا ہے لیکن  انہوں نے جو پیغام واپس بھیجا ہے  اس میں انہوں نے  بات  کرنے اور معافی قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ول اسمتھ نے کہا کہ کرس راک کا جب مجھ سے بات کرنے کے لیے دل مطمئن ہوگا تو میں اُن سے بات کروں گا اور معافی مانگوں گا۔

آسکر کی تقریب میں کرس راک کو ول اسمتھ نے تھپڑ کیوں مارا؟

یاد رہے کہ رواں سال آسکر ایوارڈ   کی تقریب میں کامیڈین کرس راک کی جانب سے میزبان اور شرکاء کو ہنسانے کا سیشن جاری تھا،جس میں انہوں نے ول کی  اہلیہ، اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کے بالوں  کی کٹنگ کا مزاق اُڑایا تھا۔

اس مذاق پر آسکر ایوارڈ کے ہال میں ایک دم خاموشی چھا گئی اور سب ہی اس مذاق پر حیران ہو گئے تھے۔

اپنی اہلیہ کا مزاق اُڑتا دیکھ کر ول اسمتھ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور سیخ پا ہو گئے تھے اور غصے میں اسٹیج  پر جاکر کرس راک کو تھپڑ دے ماراتھا۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں