51

پنجاب کی تمام تحصیلوں میں ایمرجنسی سروسز کا آغاز – ایکسپریس اردو

 لاہور: پنجاب حکومت کی طرف سے صوبے کی تمام تحصیلوں میں ایمرجنسی سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایمرجنسی سروسز کی 74 ایمبولینسزکی چابیاں ڈویژنل ایمرجنسی آفیسرز کے حوالے کی گئیں۔

اس ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں  تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ریسکیورز کیلئے اسمبلی میں قانون بنا دیا جسے کوئی تبدیل نہیں کر سکتا۔ ایمرجنسی وارڈز میں تمام ادویات مفت کردی ہیں۔ایمرجنسی وارڈز میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹروں کو 3 گنا الاؤنس دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبے اچھے کام میں شامل ہیں، بھارت پاکستان کا ہرجگہ مقابلہ کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن بھارت ریسکیو میں مار کھا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایمر جنسی سروسز اکیڈمی میں تمام صوبوں کو ریسکیورز کی تربیت سے صوبوں کے درمیان محبت بڑھی ہے،چاروں صوبوں کے ریسکیورز کی شرکت سے گلدستہ مکمل ہواہے اوراس کی خوشبو کبھی ختم نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ قائداعظمؒ نے تنہا جدوجہد  کر کے مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا حصول یقینی بنایا،ہمیشہ سب کا اچھا سوچا ہے کسی کا نقصان نہیں کرسکتا۔
چیف سیکرٹری اورآئی جی پولیس شہبازشریف نے لگائے میں نے انہیں اپنے دل کے ساتھ لگالیا، ہمیشہ اچھی ٹیم ملنے کی دعا کی، میں نے شہباز شریف کی ٹیم کو نہیں چھیڑا۔

انہوں ے مزید کہا کہ اپنے ساتھی کا بہتر اورخیر خواہی کیلئے سوچناہی کامیابی ہے، اپنی ٹیم کیلئے بہتر سوچتا ہوں اورانہیں ساتھ لے کر چلتاہوں۔ریسکو 1122 کا آغاز میں نے کیااورآج یہ بہترین ادارہ بن چکا ہے،1122نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا میں اپنانام کمایا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے بتا یا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں سری لنکا سمیت بیرون ملک سے بھی ریسکیورز آتے ہیں، ریسکیو1122 نے اپنے قیام سے آج تک ایک کروڑ لوگوں کو ایمرجنسی سروس فراہم کی۔ پاکستان جیسا ریسکیو سسٹم دنیا میں کہیں نہیں ریسکیو 1122 کا رسپانس امریکہ اور انگلینڈ سے بھی بہتر اور تیز ہے۔مجھے ایمرجنسی سروسز کیلئے انگلینڈ میں 25 منٹ اورامریکہ میں 40 منٹ انتظار کرنا پڑا۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ کورونا میں ریسکیو 1122 نے جس طرح کام کیا، اس کی مثال نہیں ملتی۔جب کوئی کورونا سے جاں بحق افراد کو ہاتھ نہیں لگاتا تو ریسکیورز اس کی تدفین کرتے تھے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر رضوان نصیرکی سربراہی میں یہ سارا کام ہورہا ہے،خوف خدا بہت ضروری ہے۔ اپنے بچوں سے کہتا ہوں کہ کسی کو تکلیف نہ دو،جو چیز تمہیں تکلیف دے تو اسے سوچ کردوسروں کا احساس کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ  انگلی اٹھا کر کسی کا نقصان کرنا یا بدنام کرنا کوئی کام نہیں۔ اصل کام لوگوں کے دل جیتنا ہےانتقام ہمیشہ مہنگا پڑتا ہے اوریہ حکمرانوں کو بھی مہنگا پڑا ہے لیکن ہمارے حکمران سیکھتے نہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ شادوآباد رکھے اوریہ ملک دن دگنی رات چوگنی ترقی کرے۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں