32

کھولتے ہوئے دلیے میں گر کر ایک شخص جاں بحق



کھولتے ہوئے دلیے میں گر کر ایک شخص جاں بحق

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں کھولتے ہوئے دلیے میں گر کر ایک شخص موت کے منہ میں چلا گیا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ واقعہ ریاست تامل ناڈو کے شہر مدورائے میں پیش آیا جہاں ’آدی ویلی‘ نامی تہوار پر لوگوں میں تقسیم کرنے کے لیے بڑے بڑے برتنوں میں دلیہ پکایا جا رہا تھا۔ 

متھوکمار نامی یہ شخص دلیہ پکانے میں کاریگروں کی معاونت کر رہا تھا۔ وہ چولہوں پر چڑھے دلیے کے برتنوں کے قریب کھڑا تھا جب اس کا سر چکرانے لگا۔ منظرعام پر آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سر چکرانے پر متھوکمار ایک برتن کا سہارا لے کر بیٹھنے کی کوشش کرتا ہے اور اس میں گر جاتا ہے۔ 

آس پاس موجود لوگ دوڑ کر آتے ہیں اور اسے نکالنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم برتن بہت گہرا ہونے کی وجہ سے کافی دیر تک اسے باہر نہیں نکال پاتے اور اس کا لگ بھگ پورا جسم کھولتے ہوئے دلیے میں ڈوب کر جل جاتا ہے۔ متھو کمار کو نکالنے کی کوشش میں برتن الٹ جاتا ہے اور دیگر کئی لوگ بھی جھلس جاتے ہیں۔ متھو کمار کو فوری طور پر راجا جی گورنمنٹ ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ 

مزید :

بین الاقوامی –




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں