61

کراچی سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے اعتراضات مسترد



کراچی سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے …

 کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے 9اراکین قومی اسمبلی  کے استعفے منظور ہونے کے بعد ضمنی الیکشن کیلئے شہر قائد میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 237 اور این اے 246 کے ریٹرننگ افسران نے پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )پاکستان کے امیدواروں کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے ضمنی انتخابات کیلیے پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے ہیں ۔

نجی ٹی وی “ایکسپریس نیوز “کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 237 اور 246 میں تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کے کاغذات جانچ پڑتال کے لیے پہنچے تو دونوں حلقوں کے ریٹرننگ افسران نے سابق وزیر اعظم عمران خان یا ان  کے وکیل کو پیش ہونے کی ہدایت دے کر واپس بھیج دیئے۔

بعد ازاں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل وکیلوں کے ہمراہ این اے 246 لیاری کے ریٹرننگ افسر ظہیر احمد سہتو جبکہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور مستعفی رکن قومی اسمبلی ریٹائرڈ کیپٹن جمیل این اے 237 ملیر کے ریٹرننگ افسر شاہنواز بروہی کے دفتر میں پیش ہوئے،اس موقع پر اضافی اور غیر متعلقہ افراد کو باہر جانے کی ہدایت پر تلخ کلامی بھی ہوئی۔

 این اے 246 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نبیل گبول، محمد جاوید اور ایم کیو ایم پاکستان کے طیب ہاشمی جبکہ این اے 237 پر پیپلز پارٹی کے ارشد علی نے عمران خان کے خلاف اعتراضات جمع کرائے تھے،جن میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے ایک ٹرسٹ اور جائیداد اپنے گوشواروں میں ظاہر نہیں کی اس کے علاوہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ بھی سنا چکا ہے۔

فریقین نے اپنے اپنے دلائل دیے جس کے بعد ریٹرننگ افسران نے فیصلہ محفوظ کیا اور رات 8 بجے دونوں حلقوں سے سابق وزیر اعظم عمران خان کے کاغذات منظور کیے جانے کا فیصلہ سنایا۔دوسری جانب این اے 239 کورنگی میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینر عامر خان کا نامزدگی فارم بھی جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیا گیا، اس طرح گزشتہ روز تینوں حلقوں میں مجموعی طور پر 22 امیدواروں کے کاغذات منظور کیے گئے۔

این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے لیے جن امیدواروں کی نامزدگیاں درست قرار دی گئی ہیں ان میں محمد شرجیل گوپلانی، مریم قریشی، محمد جنید ہاشمی، سلطان احمد، محمد فاروق الحسن، محمد شکیل، عبدالشکور شاد اور سید طیب حسین ہاشمی شامل ہیں جبکہ این اے 237 میں جمیل احمد، ارشاد علی، طارق عزیز، محمد اسماعیل، زین العابدین انصاری اور سمیع اللہ خان کے کاغذات بھی منظور کیے گئے۔

واضح رہے کہ این اے 237 پر پی ٹی آئی کے ریٹائرڈ کیپٹن جمیل، این اے 239 پر پی ٹی آئی کے اکرم چیمہ اور این اے 246 پر پی ٹی آئی کے شکور شاد قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے جن کے استعفوں کے بعد ضمنی انتخابات کا اعلان کیا گیا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی –




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں