33

پاکستان مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کیلئے آواز بنا رہے گا وزیر اعظم



پاکستان مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کیلئے آواز بنا رہے گا، وزیر اعظم

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کیلئے آواز بنا رہے گا۔ 

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ  بھارت کے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات، مسلسل غیر انسانی فوجی محاصرے اور کشمیری عوام کے ناقابل بیان مصائب پر بے حسی کو جاری رکھے ہوئے تین سال ہوچکے ہیں،  بھارتی حکومت، بی جے پی اور آر ایس ایس کے گٹھ جوڑ کے زیر اثر، چوتھے جنیوا کنونشن سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں  آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کیلئے اپنے ہندو توا ایجنڈے کو بے شرمی اور ڈھٹائی سے آگے بڑھا رہی ہے ۔ قابض افواج نے 5 اگست 2019  سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں میڈیا پر سخت پابندیاں عائد کر کے  فوج کے ذریعے  اسے کرہ ارض کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے ۔وہاں کی صورتحال  گزشتہ تین سالوں میں  سنگین طور پر ابتر ہوئی ہے ،  کشمیری عوام ابھی تک فوجی محاصرے میں ہیں، ان کی اعلی حریت قیادت قید ہے اور ان کے نوجوان بھارتی قابض افواج کی جانب سے محاصرہ اور تلاشی آپریشنز کے ذریعے اندھا دھند ماورائے عدالت قتل کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ درحقیقت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور ہر قسم کی آزادی سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بہادر کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں ، یہ  کشمیری عوام کی بے مثال قوت ارادی اور ہمت ہے جس نے انہیں دہشت گردی اور محکوم بنانے کی ہر بھارتی کوشش کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا ۔ عالمی برادری کو بھارت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے، آبادیاتی تبدیلیوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالنا چاہیے تاکہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر فوری عمل درآمد کے ذریعے اپنے حق خودارادیت کا استعمال کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ  پاکستان  اپنے ان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آواز بنا رہے گا، جن کی لازوال قربانیاں اس وقت بھی جاری ہیں ، اور ہم ان کے جائز حقوق کے مکمل حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی –




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں