40

عمران خان نے ہفتے سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا



عمران خان نے ہفتے سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ ملکی حالات سماجی افراتفری کی طر ف جارہے ہیں اور ہفتے سے تحریک شروع کر رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ جو بھی آپ کو نامعلوم نمبر سے دھمکی دے تو اسے واپس دھمکی دیں، اسے دھمکی دیں کہ اظہار رائے کی آزادی میرا آئینی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کسی کو نامعلوم فون نمبر سے دھمکیاں دیتے نہیں دیکھا۔

لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے ملک دلدل میں جارہا ہے، آج عالمی مالیاتی ادارہ(آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کہہ رہا ہے پاکستان سری لنکا جیسی صورت حال میں جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف معیشت سکڑتی جا رہی ہے اور بے روزگاری برھتی جارہی ہے اور دوسری طرف مہنگائی آسمانوں کو چھو رہی ہے اور اس وقت ملک کی تاریخ میں مہنگائی 50 سال کی بلندی پر ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر حالات سماجی افراتفری کی طرف جارہے ہیں، جب تک انصاف کا نظام ٹھیک نہیں ہوتا معیشت ٹھیک نہیں ہوگی، اس قوم کو قانون کی بالادستی کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جس کو سزا ہونی تھی وہ وزیراعظم بنا ہے اور لندن میں جاکر ایک سزا یافتہ شخص سے مشورہ کر رہے ہیں کہ پاکستان کا آرمی چیف کون ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ملک کی قومی سلامتی کے لیے سب سے بڑا عہدہ ہے، وہ ایک مفرور اور جھوٹ بول کر باہر جانے والے فیصلہ کریں گے کہ پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے سب سے اہم عہدے کے لیے۔

عمران خان نے وکلا سے کہا کہ میں اس تحریک میں نکل چکا ہوں، ہفتے سے یہ تحریک شروع ہوجائے گی اور جب کال دوں تو میرے ساتھ نکلنا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم سے کہہ رہا ہوں جو بھی آپ کو دھمکیاں دے، اس کو واپس دھمکی دو یہ کہتے ہوئے کہ میرا آئین میرے بنیادی حق اظہار آزادی کا تحفظ کرتا ہے۔مخالف جماعتوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے یہ بھاگ رہے ہیں، ان کو پتا ہے یہ الیکشن جیت نہیں سکتے اور پاکستانی قوم کہاں کھڑی ہے، اس لیے یہ سارے مل کر کوشش کر رہے ہیں کہ کسی طرح کرسی پکڑ لیں ملک بے شک نیچے جائے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی –




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں