30

سیلاب متاثرین کی جانیں بچانے کیلئے وطن کے بیٹوں نے  اپنی جانیں نچھاور کر دیں وزیر اعظم کا ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداءکو خراج عقیدت



سیلاب متاثرین کی جانیں بچانے کیلئے وطن کے بیٹوں نے  اپنی جانیں نچھاور کر دیں …

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )   وزیر اعظم شہباز شریف نے   کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت آرمی کے 6 افسران اور جوان کی شہادت پر گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  سیلاب متاثرین کی جانیں بچانے کیلئے وطن کے بیٹوں نے  اپنی جانیں نچھاور کر دیں۔

اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد،کمانڈر انجینئر 12 کور بریگیڈیئر خالد، پائلٹ میجر سعید، کوپائلٹ میجر طلحہ اور کریو چیف نائک مدثر شہید کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جانیں سیلاب میں گھرے اپنے ہم وطنوں کی جانیں بچانے کے لئے وار دیں ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ان کے ساتھی انسانیت کی خدمت اور فرض کی بجاآوری کی روشن مثال بنے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی ایک بہترین پرفیشنل، فرض شناس اور قابل افسر ہونے کے ساتھ انتہائی ایماندار اور ایک اچھے انسان تھے ،   پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں ، پوری قوم شہدا کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل اور اجر عظیم دے۔ آمین۔

مزید :

اہم خبریں -قومی –




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں