17

 پاک سوزوکی نے اپنی نئی موٹرسائیکل جی ایس ایکس 125متعارف کرا دی



 پاک سوزوکی نے اپنی نئی موٹرسائیکل جی ایس ایکس 125متعارف کرا دی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے ’پاکستان آٹو شو 2022ء‘ میں اپنی نئی موٹرسائیکل جی ایس ایکس 125متعارف کرا دی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق پاک سوزوکی کی طرف سے یہ موٹرسائیکل یاماہا وائی بی آر 125اور ہنڈا سی بی 125ایف کے مقابلے میں متعارف کرائی گئی ہے۔ حال ہی میں جی ایس ایکس 125بنگلہ دیش میں متعارف کرائی گئی تھی جہاں اس کو کافی مثبت ریسپانس ملا ہے۔

دیکھنے میں جی ایس ایکس 125یاماہا وائی بی آر سے مشابہہ ہے۔ اس میں 125سی سی سنگل سلنڈر ایئرکولڈ پٹرول انجن دیا گیا ہے جو 10.45ہارس پاور طاقت اور 9.2نیوٹن میٹرز ٹارک پیدا کرتا ہے۔ اس موٹرسائیکل کا وزن 126کلوگرام ہے۔ اس کی فیول اکانومی بھی بہترین ہے۔ یہ ایک لیٹر میں 42کلومیٹر طے کرتی ہے۔ 

اس میں ریٹرن شفٹ پیٹرن کے ساتھ 5سپیڈ کانسٹنٹ میش ٹرانسمیشن مہیا کی گئی ہے۔ موٹرسائیکل میں آگے ڈیوئل پسٹن کیلیپر بیسڈ ڈسک بریک جبکہ پیچھے روایتی ڈرم بریک دی گئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ موٹرسائیکل پاکستان میں سوزوکی جی ایس 150ایس ای کے متبادل کے طور پر متعارف کرائی گئی ہے۔ پاک سوزوکی کی طرف سے 150ایس ای کی پروڈکشن بند کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔جی ایس ایکس125کی قیمت کے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ درآمدی ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی ادائیگی کے بعد اس موٹرسائیکل کی قیمت ساڑھے 3لاکھ سے 3لاکھ80ہزار کے درمیان ہو گی۔

مزید :

بزنس –




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں